کہاں کہاں شدید بارشوں کی توقع ہے؟ این ڈی ایم اے نے ایڈوائزی جاری کردی
قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بنایا گیا قومی ادارہ نیشنل ڈیزاسٹرمنجمنٹ اتھارٹی(NDMA) نےمون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث متعلقہ محکموں،اتھارٹیزکیلئےنئی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
این ڈی ایم اے نے اس ایڈوائزری میں صوبائی وضلعی انتظامیہ کو ضروری احتیاطی اقدامات کرنے اور ہنگامی مشینری اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے(NDMA ) کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ محکمے مقامی آبادی کواربن فلڈنگ کے خطرات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں۔ نشیبی و سیلابی خطرے سے دوچارعلاقہ مکینوں کامحفوظ مقامات پرانخلا یقینی بنایا جائے۔
اس کےعلاوہ پی ڈی ایم اے (PDMA) نے بھی متعلقہ اداروں کواحتیاطی تدابیراور انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اس ایڈوائزری میں ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ کراچی،حیدرآباد، سکھر و دیگر جنوبی شہروں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں،پانی کی نکاسی کے لیے ڈی واٹرنگ مشین اورعملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے،بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کودوران بارش گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موسلادھاربارش کےدوران ڈرائیونگ سے اجتناب کیا جائے جبکہ سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔14 جولائی کو ہوا کا کم دباؤ صوبہ سندھ کے علاقوں میں شدت کے ساتھ داخل ہوگا۔
مون سون ہواؤں کے باعث 14 سے17 جولائی کے دوران سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص ، جامشورو، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، شکار پور، ٹھٹہ، بدین، شہید بینظیر آباد، دادو، تھر پارکر، عمر کوٹ، قمبر شہداد کوٹ اور کشمور میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
اس کےعلاوہ بلوچستان کے ضلع ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان ، جھل مگسی،ڈیرہ بگٹی، سبی، پنجگور ، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ ، آواران، نصیر آباد، جعفر آباد، تربت اورپسنی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اکثر مقا مات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
14سے17 جولائی کے دوران کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
14 سے 16 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث کھیر تھر رینج، بولان، قلات، خضدار، لسبیلہ، بارکھان،نصیر آباد، کوہلو، ژوب اور سبی کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 15 جولائی کے دوران اسلام آباد، کشمیر، سوات، مانسہرہ،کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،مردان، صوابی ،نوشہرہ ، کرم ، بنوں، لکی مروت،کوہاٹ، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین،راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد ، جھنگ،ساہیوال ، اوکاڑہ ، بھکر، لیہ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یارخان اور خانپورمیں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کےعلاوہ 13 اور 14 جولائی کو راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔


0 تبصرے