مسائل حل کئے جائیں ورنہ ووٹ کی امید نہ رکھیں۔ بستی ککرہ کے مکینوں کا احتجاج
ریتڑہ(نمائندہ اردو ورلڈڈاٹ سائٹ) نواحی بستی ککرہ مسائلستان کی صورت اختیار کر گیا۔ گلیاں جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگیں،بچیوں کی تعلیم کیلئے کوئی سکول موجود ہے نہ علاج معالجے کیلئے کوئی ہسپتال، عوام نمائندے اور ارباب اختیار فوری مسائل حل کرائیں،اہل بستی کا احتجاج۔
بستی ککرہ کے رہائشی مولانا یاسر، منظور احمد، غلام قاسم، ڈاکٹر محمد اعظم، عصمت عزیز،محمد بخش فوجی، غلام حسن، حقنواز، عبدالحفیظ، غلام فرید، محمد شریف، الطاف، عبدالعزیز، مولاداد، ماسٹر منظور، بشیراحمد، عبدالرشیدو دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ نکاسی آب اور صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث گلیاں جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں اور مکینوں کا گلیوں سے گزرنا محال ہو گیاہے، وہ تحصیل انتظامیہ کی بے حسی پر احتجاج کرتے ہیں اور ان سے جلد از جلد صفائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے ہمیشہ بستی ککرہ کو نظر انداز کیا ہے یہاں پر نکاسی آب کیلئے نالیاں تک نہیں بنائیں۔ بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سکول تک موجود نہیں۔ لڑکوں کیلئے صرف ایک پرائمری سکول ہے۔ علاج معالجے کیلئے کوئی ہسپتال یا ڈسپنسری بھی موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بستی سے پختہ روڈ تک کوئی لنک روڈ بھی تعمیر نہیں کیا گیا۔ تھوڑی سے بارش کی صورت میں بستی نکلنا محال ہو جاتا ہے اور اگر کوئی ایمرجنسی ہو جائے تو پھر قیامت تو گزر جاتی ہے مگر ہم ہسپتال تک نہیں پہنچ پاتے۔
انہوں نے عوامی نمائندگان اور
ارباب اختیار سے بوائز پرائمری سکول کو اپ گریڈ کرنے، گرلز سکول قائم کرنے، ڈسپنسری
تعمیر کرنے اور رابطہ سڑک بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔



0 تبصرے