بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز پر حملے کو ناکام بنا دیا گیا، 4 دہشتگرد ہلاک

 

بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز پر حملے کو ناکام بنا دیا گیا، 4 دہشتگرد ہلاک

 

بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور  پنجگور میں دو علیحدہ کارووائیوں میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپس پر حملے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوا جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں حملوں کو بھرپور انداز میں ناکام بنادیا گیا جبکہ فائرنگ کے دوران دہشت گردوں کا بھاری نقصان ہوا۔

 

آئی ایس پی آر کے  بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے دو مقامات سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

 

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے بروقت جوابی کارووائی سے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے تاہم ان کے جانی نقصان کا تعین ابھی کیا جارہا ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق  نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخلے کی کوشش کی اور بھر پور جوابی کارووائی کر کے انہیں پسپا کردیا گیا۔اس دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔

 

پاک فوج نے بیان میں کہا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک افسر زخمی ہوا اور فائرنگ وقفے وقفے سے جاری تھی۔

 

قبل ازیں فرنٹیئرکور (ایف سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی اور پنجگور کے علاقوں میں دو الگ الگ دھماکے ہوئے۔

 

ترجمان کے مطابق نوشکی میں ایف سی کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا۔دھماکے کے بعد فائرنگ ہوئی، جو تاحال جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: نوشکی ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں  کاحملہ، ایک شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع


ان کی جانب سے دھماکوں اور فائرنگ سے کسی قسم کے جانی نقصان اور دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی تھی۔ تاہم ذرائع سے معلوم ہوا تھا کہ ایس سی کے کیمپ کے گیٹ نمبر دو پر دھماکہ ہوا اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ جو کافی دیر تک جاری رہا ۔ اس دوران وقفے وقفے سے دھماکے بھی ہوتے رہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ گیٹ پر فائرنگ کے دوران ایک سویلین شہری جاں بحق ہو گیا تھا۔ جبکہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں کے شیشے چھوڑ گئے تھے۔