پی
ایس ایل 2022 کوریج، کمنٹری پینل کا اعلان
کر دیا گیا
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل-7) 2022 کے آنے والے سیزن کے لیے سابق کھلاڑیوں سمیت ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹرز اور معروف کمنٹیٹرز کو بھی اس پینل کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے نک نائٹ اور مائیک ہیزمین پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے، مائیک ہیزمین اس سے قبل جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان اور نیشنل ٹی20 کپ میں بھی کمنٹری کے لیے حال ہی میں پاکستان آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تفصیلات
پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹیٹر کے فرائض انجام دیں گے اور کراچی میں پہلے مرحلے میں کھیلے جانے والے میچوں کی کمنٹری کریں گے۔
بعدازاں ڈیوڈ گاور کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر ڈینی موریسن قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول دوسرے مرحلے میں کمنٹری کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2022 ٹکٹوں کی فروخت شروع
زمبابوے
کی مشہور آواز پومی ایمبینگوا بھی پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے
اور کمنٹری کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ غیرملکی کمنٹیٹرز کے علاوہ پاکستان کے سابق کرکٹرز اور ممتاز کمنٹیٹرز بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں براہ راست تبصرے کے لیے کمنٹری بکس میں موجود ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں میں وقاریونس، بازید خان، ثنامیر، عروج ممتاز، مرینہ اقبال شامل ہیں جبکہ اردو کمنٹری کے لیے مشہور براڈ کاسٹر طارق سعید اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کی کوریج کے دوران 30 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا اور اس دوران دنیا بھر میں موجود ناظرین کے لیے بگی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے خوبصورت اور سنسنی خیز مناظر پیش کیے جائیں گے۔
پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل2022 میں ایرن ہالینڈ کی بحیثیت پریزینٹر واپسی ہوئی ہے تاہم زینب عباس اور سکندر بخت میچ سے قبل اور میچ کے اختتام پر شوز کی میزبانی کریں گے۔
پی سی بی نے کہا کہ پاکستان میں موجود شائقین پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس جبکہ شمالی امریکا میں ولو ٹی وی، افریقہ میں سپر اسپورٹس، کیریبین میں فلو اسپورٹس، یوکے اور نیوزی لینڈ میں اسکائی اسپورٹس پر پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست دیکھ پائیں گے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری کو کراچی میں ہوگا اور پہلے مرحلے میں 7 فروری تک میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوسرے مرحلے کے میچوں کا آغاز 10 فروری سے ہوگا اور 27 فروری کو فائنل بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کراچی میں ہونے والے میچوں کے کے لیے صرف 25 فیصد شائقین کو میدان میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

0 تبصرے