مری میں پھنسی گاڑیوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل اردو ورلڈ کو موصول

مری میں پھنسی گاڑیوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل اردو ورلڈ کو موصول

 

مری میں پھنسی گاڑیوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل اردو ورلڈ کو موصول

 

ملکۂ کوہسار مری میں گزشتہ رات ہونے والی شدید برف باری اور ٹریفک جام  کے باعث ہونے والی اموات کی تفصیلات اردو ورلڈ کو موصول ہو گئی ہیں۔

 

ریسکیو حکام کے مطابق برف باری میں پھنسنے والی گاڑی میں انتقال کرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بھی شامل ہیں۔ اسلام آباد کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نوید اقبال، ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے اس سانحے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

 

شدید برف باری میں گاڑیوں میں ٹھٹھر کر جاں بحق ہونے  والوں میں ایک اور خاندان کے  46 سالہ محمد شہزاد ولد اسماعیل، ان کی 35 سالہ اہلیہ اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

 

ریسکیو حکام کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق انتقال کرنے والوں میں گوجرانوالہ کے 31 سالہ اشفاق ولد یونس اور لاہور کے 31 سالہ معروف ولد اشرف بھی شامل ہیں۔

 

پھنسی ہوئی گاڑی میں اللہ کو پیارے ہونے والوں میں  21 سالہ محمد بلال ولد غفار، 24 سالہ محمد بلال حسین ولد سید غوث بھی شامل ہیں۔

 

ریسکیو حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مری میں پھنسنے والی گاڑی میں سردی کے باعث ٹھٹھر کر انتقال کرجانے والے 1 شخص کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔

 

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے رات مری میں پھنسنے والی گاڑیوں میں 19 افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے، جبکہ نتھیا گلی میں بھی 3 اموات ہوئی ہیں۔

شیخ رشید کے مطابق مری میں برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے، امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج کی 5 پیدل پلاٹون، ایف سی اور رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: مری میں شدید برف باری ، خوفناک ویڈیوز موصول


دوسری جانب مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے لیے آج رات شدید موسمی صورتِ حال کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے مری اور گرد و نواح میں بارش، برف باری اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے، 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان آنے کی توقع کی جا رہی ہے، جس کے دوران شدید برف باری کا امکان بھی ہے۔

 

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری  ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مقامی افراد رات گھروں سے نہ نکلیں، ایمبولینس سروسز، سیکیورٹی گاڑیوں اور فائر فائٹرز کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: مری آفت زدہ قرار، 19 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق


برف باری ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد نے گزشتہ روز مری کا رخ کیا تھا، برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری۔

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے