خطے کی محرومیاں اور پسماندگی دور کرنے کیلئے انتظامی بنیادوں پر صوبہ ملتان کا قیام ناگزیر ہے۔
راؤ عبدالقیوم شاہین
تمام زبانیں بولنے والے افراد کی تحریک صوبہ ملتان میں شمولیت اس کی کامیابی کی دلیل ہے۔ملتان کی معروف شخصیات احسان خان سدوزئی،ضیاء انصاری،ڈاکٹر طیب ملک،زاہد مقصود قریشی اورتنزیل خان ملیزئی کی تحریک صوبہ ملتان میں شمولیت کے موقع پر مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین کی گفتگو
ملتان: تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ ہم جس خطے میں آباد ہیں اس کی اصل اورقدیمی شناخت ملتان ہے،ہمیں اپنے ملتانی ہونے پر فخر ہے۔ہم اس شناخت کے علاوہ کسی اور خود ساختہ شناخت کو قبول نہیں کریں گے۔خطے کی محرومیوں اور پسماندگی کو دور کرنے کیلئے انتظامی بنیادوں پر صوبہ ملتان کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔اب کوئی طاقت صوبہ ملتان کے قیام کو نہیں روک سکتی۔وہ ملتان کی معروف شخصیات احسان خان سدوزئی،ضیاء انصاری،ڈاکٹر طیب ملک،زاہد مقصود قریشی اورتنزیل خان ملیزئی کی تحریک صوبہ ملتان میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی اور راؤ عارف رضوی بھی موجود تھے۔راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا کہ تعصبات کے خاتمے اورمحبتوں کے فروغ کیلئے اس خطے کی قدیم شناخت ملتان پر اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔تحریک صوبہ ملتان میں تمام زبانیں بولنے والے افراد کی شمولیت اس کی کامیابی کی دلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ ملتان امن و محبت کا گہوارہ ہے،اسے نسلی و لسانی تعصب کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔خطے کے تمام محبت وطن طبقات تحریک صوبہ ملتان میں شامل ہوکر علیحدہ صوبے کے قیام کی جدوجہد میں عملی کردار ادا کریں۔
احسان خان سدوزئی،ضیاء انصاری،ڈاکٹر طیب ملک،زاہد مقصود قریشی اور تنزیل خان ملیزئی نے کہا کہ تحریک صوبہ ملتان جس انداز سے محبتوں کو عام کررہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔لسانیت سے پاک اور ہر تعصب سے بالاتر ہو کر صوبہ ملتان کے قیام کی جدوجہد میں تحریک صوبہ ملتان کے شانہ بشانہ ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ہم اپنی قدیم شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین، مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی اور راؤ عارف رضوی نے تحریک میں شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات کا خیر مقدم کیا۔

0 تبصرے