بنیادی مرکز صحت ریتڑہ اپنی مثال آپ ، پنجاب کے چند بہترین بنیادی مراکز
صحت میں شامل
ریتڑہ ( اردو ورلڈ سپیشل رپورٹ) بنیادی مرکز صحت ریتڑہ پنجاب کے چند بہترین
بنیادی مراکز صحت میں شامل ہے جہاں آنے والے مریضوں کو بہترین خدمات فراہم کی جاتی
ہیں۔ او پی ڈی اورڈیلیوری کیسز میں بہت سے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بعض ٹی ایچ کیو
ہسپتالوں سے بھی بہتر خدمات انجام دے رہا ہے۔
اردو ورلڈ کی فیلڈ ٹیم کے ایک سروے کے مطابق بی ایچ یو ریتڑہ جو کچھ عرصہ قبل
تک ایک ویرانے کا منظر پیش کرتا تھا آج پنجاب کے چند بہترین بنیادی مراکز صحت میں
شمار ہوتا ہے۔۔ یہاں انسپیکشن پر آنے والے
تمام افسران اس کی تعریف کئے بغیر نہیں رہتے۔یہاں پر آنے والے مریض خوشی خوشی اپنے
گھروں کو لوٹتے ہیں۔ اس کا سہرا ریتڑہ کے
سپوت اور شعبہ صحت سے وابستہ چیف میڈیکل ٹیکنیشن ڈاکٹر ربنواز ملکانی کے سر جاتا
ہے۔ جنہوں نے خصوصی دلچسپی لیکر اس ویرانے
کو گل وگلزار بنا دیا۔ ایک دہائی قبل بننے
والی بنیادی مرکز صحت کی عمارت جسے جی آر ڈی سے اپ گریڈ نہیں کیا گیا تھا کھنڈرات
کا منظر پیش کر رہی تھی۔ صحن تالاب کا منظر پیش کرتا تھا۔ چاردیواری گر چکی تھی ،
پلستر اکھڑ چکا تھا۔
ڈاکٹر ربنواز ملکانی نے بارش کا پہلا قطرہ بنتے ہوئے اس ویرانے کو آباد کرنے
کا بیڑا اٹھایا اور پھر اللہ غریق رحمت فرمائے سابق چیئرمین یوسی ٹبی قیصرانی حاجی
محمد انور خان ملکانی کی کوششوں سے علاقہ
کے مخیرحضرات نے اس مرکز کوعوام کیلئے امید کی کرن بنا دیا جس کی روشنی ریتڑہ سے
نکل کر دور و نزدیک تک پھیل گئی۔ اہل ریتڑہ کے ساتھ ساتھ قرب وجوار کے لوگ بھی اس
سے مستفید ہونے لگے۔
آج ڈاکٹر ربنواز ملکانی کی کوششوں ، ریتڑہ کے اہل ثروت افراد اور محکمہ صحت کے
افسران بالخصوص ڈاکٹر خلیل احمد سکھانی کی خصوصی دلچسپی کے باعث مرکز ہذا صوبہ
پنجاب کے چند بہترین مراکز میں شامل ہو چکا ہے۔
اردو ورلڈ کی فیلڈ ٹیم نے اس سلسلہ میں ڈاکٹر ربنواز ملکانی سے مل کر ان کی
کوششوں کو سراہا اور ان کے خیالات معلوم کئے۔
ڈاکٹر ربنواز ملکانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز صحت کو اس سطح تک لانے میں اہل علاقہ کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت
کے افسران اور ڈی جی ہیلتھ جنوبی پنجاب ڈاکٹر خلیل احمد سکھانی کا تعاون ناقابل
فراموش ہے۔ انہوں نے ہر لمحے عوام کو
بہترین سہولیات فراہم کرنے میں اپنا بہترین کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ او پی ڈی اور ڈیلیوری کیلئے آنے والے مریضوں کی تعداد اس
چھوٹے سے مرکز کے لحاظ سے بہت زیادہ ہے۔
یہاں ڈیلیوری کی سہولت ہفتے میں
ساتوں دن چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔ حاملہ خاتون کے معائنے کیلئے الٹراساؤنڈ کی سہولت
بھی دستیاب ہے۔ زچہ کو ہسپتال لانے کیلئے 1034 ایمبولینس کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرکز صحت میں مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے رورل ہیلتھ سنٹر کا درجہ دیا جانا بہت ضروری ہے اور ابتدائی طور پر اسے 24/7 او پی ڈی کی سہولت فراہم کر دی جائے تو اہل علاقہ کا کچھ نہ کچھ فائدہ ضرور ہو گا۔

0 تبصرے